تہران۔ یکم مارچ (ایجنسیز) ایران نے امریکی بحری بیڑے میں شامل طیارہ بردار جہاز ’’ابراہم لنکن‘‘ پر بیالسٹک میزائلوں سے حملہ کردیا۔ ایران کے ’’پاسدارانِ انقلاب‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے خلیج میں امریکی ایئر کرافٹ کیریئر ابراہم لنکن کو 4 بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔اس اقدام کو امریکی اور اسرائیلی حملوں کے ردعمل کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جن میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای شہید ہوئے۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی ایئر کرافٹ کیریئر ابراہم لنکن کو 4 بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، دشمن فوج پر مسلح افواج کے طاقتور حملے نئے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں، خشکی اور سمندر تیزی سے دہشت گرد جارحین کا قبرستان بن جائیں گے۔ دوسری جانب امریکہ نے بھی خلیج عمان میں ایرانی جہاز ڈبونے کا دعویٰ کیا ہے۔امریکہ کے سنٹرل کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی افواج نے ایرانی جہاز کو آپریشن ایپک فیوری کے آغاز میں نشانہ بنایا۔ ایرانی جہاز خلیج عمان میں چاہ بہار کے کنارے ڈوب رہا ہے۔
ایران کا حملہ ناکام : امریکہ
ایک امریکی اہلکار نے الجزیرہ کو بتایا ہے کہ ‘یو ایس ایس ابراہم لنکن’ پر ایرانی میزائل حملے سے طیارہ بردار بحری جہاز متاثر نہیں ہوا اور جہاز معمول کے مطابق اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔میزائل جہاز تک نہیں پہنچ سکا اور اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔قبل ازیں ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے یو ایس ایس ابراہم لنکن کو 4 بیالسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے ۔ تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ دعویٰ درست نہیں ہے۔