ایران کی کیمیکل فیکٹری میں دھماکہ، متعدد افراد زخمی

   

تہران : ایران کی ایک کیمیکل فیکٹری میں دھماکہ سے متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔خبر رساں ادارے اے پی نے منگل کو تہران کے سرکاری ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ دھماکہ صوبہ فارس کے جنوبی شہر فیروز آباد کی ایک فیکٹری میں پیر کی شام کو ہوا، جو کہ دارالحکومت تہران کے جنوب میں 770 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔رپورٹ کے مطابق دھماکے کی وجہ امونیم کے ٹینک سے لیکج بتائی گئی ہے۔صوبائی شعبہ صحت کے سربراہ وحید حسینی کے مطابق ہسپتالوں میں پہنچائے جانے والے 133 زخمیوں میں زیادہ تر تعداد فیکٹری ملازمین کی ہے جن میں سے 114 کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔حکام کی جانب سے دھماکے کے بعد فیکٹری کی قریبی سڑک کو بند کر دیا گیا تھا جس کو منگل کے روز کھول دیا گیا۔ایران میں صنعتی مقامات پر آگ لگنے یا دھماکوں کے واقعات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں جن سے ملک کا بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوتا ہے اور ایسے واقعات کی وجہ بنیادی طور پر تکنیکی خرابیوں کو قرار دیا جاتا ہے۔مغربی ممالک کی جانب سے سالہاسال سے لگی پابندیوں کے باعث ایران کی اصل سپیئر پارٹس اور دوسرے ضروری سامان تک رسائی منقطع ہے۔