ایران کیخلاف جنگ: اسرائیلی وزیراعظم عوام کا اعتماد کھونے لگے، مقبولیت میں تیزی سے کمی

   

تہران ۔ 30 جون (ایجنسیز) ایران کے خلاف حالیہ جنگ کے باوجود اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو عوامی اعتماد کھوتے جا رہے ہیں۔ اسرائیل میں کرائے گئے تازہ ترین سروے نتائج کے مطابق نیتن یاہو کی مقبولیت میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے، اور عوام کی ایک بڑی تعداد ان کی پالیسیوں سے نالاں نظر آتی ہے۔ قبل از وقت انتخابات کے ذریعہ دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کے خواہاں نیتن یاہو کو ایران کے خلاف 12 روزہ جنگ سے وہ عوامی حمایت حاصل نہیں ہو سکی جس کی انہیں توقع تھی۔ سروے کے مطابق 59 فیصد اسرائیلی شہری چاہتے ہیں کہ غزہ میں جاری جنگ یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے ختم کر دی جائے۔ اس کے برعکس، نیتن یاہو پر یہ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ وہ سیاسی مفادات کی خاطر یرغمالیوں کی محفوظ واپسی کو نظرانداز کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، 49 فیصد اسرائیلیوں کا خیال ہے کہ نیتن یاہو کی ذاتی سیاسی خواہشات غزہ کی جنگ کے جاری رہنے کی بڑی وجہ ہیں۔ عوام کی اکثریت اب ان پر بھروسا نہیں کر رہی۔