لندن ۔ 16 مارچ (ایجنسیز) برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے، ہمیں جلد آبنائے ہرمز کو کھولنا ہوگا، مسئلے کے حل کیلئے تیز تر اقدامات کرنا ہوں گے، مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کو فوری بند ہونا چاہیے۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کا کھلنا آسان کام نہیں ہے، خطہ میں آزادانہ نقل و حرکت یقینی بنانے کیلئے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، صارفین کی سہولت کے لیے توانائی کمپنیوں کو قانونی ہدایات دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جنگ کے بعد ہمیں ایران کے ساتھ معاہدہ کی ضرورت ہوگی، جنگ کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، کمپنیوں کو ہرگز اجازت نہیں دیں گے کہ وہ کام کرنے والے لوگوں کی مشکلات کا فائدہ اٹھائیں، گھریلو صارفین کیلئے ہیٹنگ آئل کی مد میں 53 ملین پاؤنڈ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کا خاتمہ مہنگائی میں کمی کا تیز ترین راستہ ہے، وقت بتائے گا کہ اس جنگ سے متعلق ہمارا مؤقف درست تھا، ہزار برطانوی شہری مشرق وسطیٰ سے واپس آئے ہیں، میں جلد یوکرین کے صدر سے ملوں گا۔