واشنگٹن۔7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کے ان رہنماؤں میں سے ایک ہیں جو ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی کے لیے آف ریمپ ڈپلومیسی میں مصروف عمل نظر آئے۔ اخبار ’’ڈان‘‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ ۔ایران موجودہ تنازعہ پر بریفنگ کے دوران عہدیدار نے کہا کہ’ آف ریمپ یہاں 3 سال سے ہے اور یہ صرف ہم نہیں ایرانی بھی اس کی پیشکش کرتے رہے ہیں‘۔ عہدیدار نے کہا کہ ’ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون، جاپان کے وزیراعظم شنزو ابے، پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور عمان کے سلطان دنیا کے تمام حصوں سے ان ممالک نے ایران میں حکومت سے رابطہ کیا ہے‘۔