محسن فخری زادہ کے قتل پر ایران اور ارکان خاندان سے اظہار تعزیت
انقرہ : ترکی نے ایران کے نیوکلیئر سائنس داں محسن فخری زادہ کے قتل کو دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ اس سے خطے میں امن کو نقصان پہنچے گا۔ ترکی کی وزارت خارجہ کا ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ ہمیں محسن فخری زادہ کے ایک مسلح حملے میں قتل پر افسوس ہے۔ ہم اس قتل کی مذمت کرتے ہیں۔ ترکی نے حکومت ایران اور مقتول کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ترکی اس خطے کے امن کو نقصان پہنچانے والی ہر کوشش اور دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف آواز اٹھائے گا۔ چاہے اس کا کرنے والا اور اس کا نشانہ کوئی بھی ہو۔ ترکی نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں۔ ایران نے محسن فخری زادہ کیلئے اسرائیل کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ان کا یہ قتل جمعہ کے دن کیا گیا۔ مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی۔ فخری زادہ ایران کی وزارت دفاع کے ریسرچ اور انوویشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ تھے۔ محسن فخری زادہ کی بیوہ نے بتایا کہ وہ شہید ہونا چاہتے تھے اور ان کی یہ خواہش پوری ہوئی۔ تہران میں احتجاجیوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور نومنتخب صدر جوبائیڈن کی تصاویر کو نذرآتش کردیا۔