بروسلز۔ 26 جون (ایجنسیز) امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ جان ریٹ کلیف نے کہا ہے کہ قابل اعتماد انٹیلی جنس موجود ہے کہ امریکی حملوں سے ایران کے نیوکلیئر پروگرام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ جبکہ کئی اہم تنصیبات تباہ ہوگئیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انتہائی قابل اعتماد اور درست ذرائع اور طریقے اس جائزے کو سپورٹ کرتے ہیں۔ریٹ کلیف کا کہنا تھا کہ ایران کو ان تنصیبات کو ازسرنو بنانے میں برسوں لگیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مزید انٹیلی جنس جمع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ مناسب فیصلے کرنیوالوں کو مکمل طور پر آگاہ کیا جاسکے اور جب ممکن ہوا عوام کو ان سے آگاہ کیا جائے گا۔
برطانیہ میں دہشت گرد حملے کا خطرہ ہے:اسٹارمر
لندن۔ 26 جون (ایجنسیز) برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے برطانیہ میں دہشتگرد حملے کا خطرہ ظاہر کردیا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش خطرات بڑھ رہے ہیں، قومی سلامتی کے لیے مزید اقدامات کیے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کو 9 بڑے سیکیورٹی خطرات کا سامنا ہے، جن میں سائبر حملے، دہشتگرد کارروائیاں اور موسمیاتی تبدیلیاں شامل ہیں۔