حیدرآباد 15 جون (سیاست نیوز) ایران ۔ اسرائیل جنگ کے دوران ہندوستان میں پٹرول‘ ڈیزل و ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کاخدشہ پایا جانے لگا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ عالمی بازار میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا اثر جلد ہندوستانی بازار پر دیکھا جاسکتا ہے ۔یوں تو عالمی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کے باوجود مکل میں تیل کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی لیکن اب جبکہ ایران ۔اسرائیل جنگ شدت اختیار کرتی جا رہی ہے تو یہ کہا جانے لگا ہے کہ جلد خام تیل کی قیمتوں کا اثر ہندوستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر دیکھا جانے لگے گا۔بتایا گیا کہ ہندستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا راست تعلق عالمی بازار میں تیل کی قیمتوں سے جڑا ہے اسی لئے اگر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی بھاری اضافہ ہوسکتا ہے ۔ عالمی بازار میں تیل کی قیمتوں میں گذشتہ ایک ہفتہ میں 6 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور اس اضافہ کے بعد خام تیل کی قیمت 78 ڈالر فی بیارل تک پہنچ چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہندستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اس وقت تک نہیں کیا جائے گا جب تک عالمی بازار میں خام تیل کی قیمتیں قابل برداشت ہوں گی لیکن اگر اس اضافہ کا بوجھ ہندوستانی معیشت پر پڑنے لگے گا تو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خدشات بڑھ جائیں گے ۔ حکومت یا وزارت پٹرولیم سے تاحال کوئی پیش قیاسی نہیں کی گئی لیکن تیل کے بازار سے جڑے ماہرین کا کہناہے کہ تیل کی قیمتوں کا انحصار دونوں ممالک کے درمیان جنگ پر ہی ہوگا۔3