پیرس: فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے اپنے ایرانی ہم منصب مسعود پزشکیان سے فون پر بات کرتے ہوئے ان سے کشیدگی سے بچنے اور انتقام کے چکروں میں نہ پڑنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ خطے میں کشیدگی سے بچنے کیلئے اپنی ہرممکن کوشش کریں۔ انتقام کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ایلیسی پیلس کی جانب سے پریس کو جاری ایک بیان کے مطابق صدر میکرون نے کہا کہ ایران کو اپنی وفادار ملیشیاؤں پر پر زور دینا چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ صورت حال کو ہوا دینے سے بچا جا سکے۔میکرون نے زور دیا کہ خطے میں امن اور سلامتی لانے اور اعتماد سازی کیلئے پیرس ہرممکن کوشش کررہا ہے۔ اس حوالے سے ایران کی جانب سے بھی تعاون درکار ہے۔ایران کو چاہیے کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کا احترام کرے۔ اس سے قبل چہارشنبہ کو ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانویل میکرون کے ساتھ ایک فون کال میں کہا کہ ان کا ملک اپنے مفادات اور سلامتی پر حملوں کے بارے میں خاموش نہیں رہے گا اور بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کے مطابق کارروائی کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ تہران اسرائیل کو مناسب جواب دینے کا اپنا حق محفوظ رکھتا ہے۔ اس نے ہمارے مہمان کو ہماری سرزمین پرقتل کیا ہے اور یہ معمولی بات نہیں۔