جدہ : یوکرین میں جنگ کو ہوا دینے کیلئے ایران نے روس کو خفیہ طور پر مال بردار جہازوں کے ذریعہ لاکھوں کی تعداد میں گولیاں اور دیگر اسلحہ فراہم کیا ہے۔عرب نیوز میں شائع ہونے والی ا سکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ جنوری میں روسی پرچم والے دو جہاز بحیرہ کیسپین کے پار ایران سے روس گئے تھے۔اسکائی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق ان دونوں جہازوں میں تقریباً 100 ملین گولیوں کے علاوہ توپ میں استعمال ہونے والے تین لاکھ گولے موجود تھے نیز دیگر سامان میں راکٹ، مارٹر گولے، کیولر جیکٹ اور ہیلمٹ بھی تھے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ روس یوکرین جنگی زون میں گولہ بارود کی یہ فراہمی نقد ادائیگی کی صورت میں ہوئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال تہران نے ماسکو کو اسلحہ سے لیس ہزاروں ڈرون فراہم کئے تھے، جو یوکرین کے خلاف جنگ میں روس نے استعمال کئے ہیں۔