ریاض ۔ 2 مارچ (ایجنسیز) خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک نے ایرانی حملوں کے تناظر میں غیر معمولی مشاورت کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خطہ کی سلامتی اور استحکام پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ میڈیا کے مطابق وزرائے خارجہ کے اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ علاقائی خودمختاری، شہریوں کے تحفظ اور داخلی استحکام کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ خلیج تعاون کونسل کے پلیٹ فارم سے جاری بیان میں کہا گیا کہ رکن ممالک کسی بھی ممکنہ خطرے کا مؤثر اور مشترکہ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ اعلامیہ میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ اتحاد کے تمام 6 رکن ممالک باہمی مشاورت اور اجتماعی حکمت عملی کے ذریعہ اپنی سرحدوں اور مفادات کا تحفظ کریں گے۔ اجلاس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، عمان، قطر اور کویت کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے، جنہوں نے ایران کی جانب سے مبینہ جارحانہ اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ خطہ میں امن کو سبوتاڑ کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور اجتماعی سلامتی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ مشترکہ اعلامیہ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ شہریوں اور مقیم غیر ملکی افراد کی حفاظت ریاستوں کی بنیادی ذمہ داری ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ وزرائے خارجہ نے سفارتی سطح پر رابطہ جاری رکھنے اور کشیدگی کم کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا، تاہم واضح کیا کہ دفاع اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتا ممکن نہیں۔