ایرانی صدر کو ٹیکسی میں سفرکیوں کرنا پڑا ؟

   

تہران،18 جولائی (یو این آئی)غیر معیاری پیٹرول کی وجہ سے ایران کے صدر پزشکیان کو ٹیکسی میں سفر کرنا پڑگیا۔روسی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر تبریز جارہے تھے ، قافلے کی تین گاڑیوں کو قزوین صوبے کے پیٹرول اسٹیشن سے ری فیول کرایا تھا۔پانی ملے پیٹرول کے باعث قافلہ درمیان میں رُک گیا جس پر صدر پزشکیان کو تبریز نجی ٹیکسی پر پہنچنا پڑا۔

ایران حزب اللہ اور حوثیوں کو دوبارہ مسلح کرنے کوشاں
واشنگٹن، 18 جولائی (یو این آئی) ایران نے مشرق وسطیٰ میں اپنے اتحادیوں کو دوبارہ مسلح کرنے کی کوششوں کا ایک نیا دور شروع کر دیا ہے حالانکہ اسے اسرائیل کے ساتھ اپنی آخری جنگ میں بڑے فوجی رہنماؤں کی ہلاکت اور امریکہ کے اس کی جوہری تنصیبات پر حملوں سے بڑا نقصان پہنچا ہے ۔”وال سٹریٹ جرنل” کی ایک رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے ۔امریکی اخبار نے بتایا کہ ایران عراق اور شام کے ذریعے لبنانی حزب اللہ کو ہتھیار اسمگل کر رہا ہے اور انہیں یمن میں حوثیوں کو بھی بھیج رہا ہے ، ایران امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد حوثیوں کے ہتھیاروں کے ذخائر کی تلافی کرنا چاہتا ہے ۔”وال اسٹریٹ جرنل” کے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ایران نے حال ہی میں شامی علاقوں کے ذریعے لبنانی حزب اللہ کو ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے لیے چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنا شروع کردی ہیں۔