ایرانی نیوکلیئر تنصیبات کا معائنہ ، سعودیہ کی آئی اے ای اے کوحمایت

   

ریاض ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے ایرانی نیوکلیئر تنصیبات کی معائنہ کاری کے حوالے سے عالمی توانائی ایجنسی
(IAEA)
کی کوششوں کی مکمل حمایت اور الریاض کی طرف سے عالمی ایجنسی کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کی یقینی دہانی کرائی ہے۔میڈیا کے مطابق عالمی توانائی ایجنسی میں سعودی عرب کے مندوب اور جمہوریہ آسٹریا میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے سفیر شہزادہ عبداللہ بن خالد بن سلطان بن عبدالعزیز نے ایک بیان میں عالمی توانائی ایجنسی کی ایرانی جوہری تنصیبات کی معائنہ کاری کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی توانائی ایجنسی
IAEA
کے ڈائریکٹر جنرل رفائیل گروسی کا ایران کیساتھ جوہری عدم پھیلائو معاہدہ پرعمل درآمد پر زوردینا خوش آئند ہے۔ ایران کیساتھ طے پائے نیوکلیئر معاہدہ کی شرائط اور ضوابط میں یہ شامل ہیکہ ایران نیوکلیئر عدم پھیلائو معاہدہ کی شرائط پرعمل درآمد کرے۔ انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر عدم پھیلائو معاہدہ پر ایران کو کاربند بنانے کیلئے تہران کی ہرطرح کی نیوکلیئر سرگرمی کے بارے میں عالمی توانائی ایجنسی کو باخبر ہونا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نیوکلیئر تنصیبات کی معائنہ کاری سے فرار اختیار کرنے کا حق نہیں رکھتا۔ اگر ایران ایسا کرتا ہے تو اس سے یہ ظاہر ہوتا ہیکہ تہران ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اپنی متنازعہ جوہری سرگرمیوں کو عالمی اداروں کی نظروں سے چھپا رہا ہے۔شہزادہ عبداللہ بن خالد نے کہا کہ ایران کی طرف سے گذشتہ چار ماہ سے مسلسل دو اہم ترین نیوکلیئر تنصیبات کی معائنہ کاری سے فرار اختیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایران کے پاس ایسا کرنے کا کوئی منطقی ، اخلاقی اور قانونی جواز نہیں۔ ایران اس حوالے سے جو من گھڑت جواز پیش کررہا ہے انہیں کسی صورت میں قبول نہیں کیا جاسکتا۔ ایرانی جوہری تنصیبات کی معائنہ کاری اور چھان بین کے حوالے سے عالمی توانائی ایجنسی کی کوششوں پر سعودی عرب کی طرف سے ہرممکن حمایت اور مدد فراہم کی جائیگی۔