56 سالہ کوریال نامی شخص زیرحراست ، واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش ناکام
شمس آباد : /5 نومبر (سیاست نیوز) شمس آباد میونسپل کے ایرپورٹ کالونی میں ہنومان مندر کی مورتیوں کو نقصان پہنچایا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایرپورٹ کالونی میں واقع ہنومان مندر میں آج صبح جب پوجا کیلئے لوگ مندر میں داخل ہوئے تو مندر کی مورتیاں ٹوٹی ہوئی تھی جس کی اطلاع مندر کے پجاری اور کالونی صدر کو دی گئی ۔ کالونی صدر نے مقام کا معائنہ کرکے یہ اطلاع شمس آباد آر جی آئی اے پولیس کو دی ۔اطلاع ملتے ہی شمس آباد زون ڈی سی پی بی راجیش ، ایڈیشنل ڈی سی پی رام کمار ، اے سی پی شمس آباد کے سرینواس راؤ ، آر جی آئی اے انسپکٹر بالراج نے مقام پر پہنچکر مندر کا تفصیلی معائنہ کیا ۔ یہ اطلاع جنگل کی آگ کی طرح شمس آباد اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں پھیل گئی اور عوام کا ہجوم جمع ہوگیا ۔ مندر کے سامنے مقامی افراد نے احتجاج کرتے ہوئے مورتیوں کو نقصان پہنچانے والے کو گرفتار کرکے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔ راجندر نگر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے بھی مندر کا معائنہ کیا اور شرپسند افراد جنہوں نے یہ حرکت کی انہیں فوراً گرفتار کرنے کو کہا ۔ بی جے پی قائد وینو گوپال نے کہا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت کے دور میں مندروں کو مسلسل نقصان پہنچانے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے جس پر قابو پانے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ حیدرآباد سکندرآباد میں مورتیوں کو نقصان پہنچایا گیا تھا اب شمس آباد میں بھی مندر کو نقصان پہنچانے کا واقعہ پیش آیا ۔ شمس آباد آر جی آئی اے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 56 سالہ کوریال نامی شخص کو حراست میں لیکر تفتیش کررہی ہے بتایا گیا ہے کہ اس کا تعلق اترپردیش سے ہے اور اس کا دماغی توازن بھی ٹھیک نہیں ہے ۔ کوریال کی گرفتاری کے بعد شمس آباد ڈی سی پی بی راجیش نے مقامی عوام سے بات کرکے حالات کو قابو میں کرلیا ۔ چند شرپسند اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کررہے تھے جسے پولیس نے ناکام بنادیا ۔ مندر میں مورتیوں کو نقصان پہنچانے کے خلاف مختلف ہندو تنظیموں نے شمس آباد میونسپلٹی میں چہارشنبہ کو بند کا اعلان کیا ہے ۔ (ش)