ایریکسن کیس : امبانی کو آج حاضر عدالت ہونے کی ہدایت

   

نئی دہلی ۔12 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے ریلائینس کمیونکیشن لمیٹیڈ کے چیرمین انیل دھیرو بھائی امبانی اور دیگر کے خلاف 550 کروڑ روپئے کے بقایہ جات کی مبینہ عدم ادائیگی پر ایریکسن انڈیا کی دائر کردہ تحقیر عدالت کی عرضی پر سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی ۔ جسٹس آر ایف نرمین اور جسٹس ونیت سرن کی بنچ نے ان کے خلاف جاری کردہ تحقیر عدالت کی نوٹس کی مطابقت میں اُنھیں حاضر ہونے کیلئے کہا تھا چنانچہ امبانی ، ریلائینس ٹیلی کام لمیٹیڈ کے چیرمین ستیش سیٹھ اور ریلائینس انفراٹیل لمیٹیڈ کی چیرپرسن چھایا ویرانی آج پیش ہوئے۔بنچ نے تینوں سے کہاکہ چہارشنبہ کو حاضر عدالت ہوں ۔ فاضل عدالت نے معاملے کو کل تک کیلئے ملتوی کردیا کیونکہ مابعد لنچ سیشن میں خصوصی بنچ کی تشکیل کی وجہ سے وقت نہیں تھا ۔ قبل ازیں ایریکسن نے عدالت کے روبرو واضح کیا تھا کہ وہ 118 کروڑ روپئے قبول نہیں کریں گے جو ریلائینس کمیونکیشن کی جانب سے دیا جارہا ہے بلکہ وہ 550 کروڑ روپئے کی پوری رقم معہ سود حاصل کرنا چاہیں گے ۔