ایس آئی آر اپڈیٹ کرنے کی آخری تاریخ میں7 دن توسیع

   

شہریوں کی سہولت کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے نیا شیڈول جاری

نئی دہلی۔30؍نومبر( ایجنسیز ) الیکشن کمیشن نے 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے عمل کی آخری تاریخ کو ایک ہفتہ تک بڑھا دیا ہے۔ ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے تمام مراحل اب نئی تاریخوں کے مطابق مکمل ہوں گے۔ 12 ریاستوں میں ایس آئی آر کو اب 11 دسمبر تک اپ ڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔ ڈرافٹ رول اب 16 دسمبر کو جاری کیا جائے گا۔اس سے پہلے ایس آئی آر کے عمل کو مکمل کرنے کی آخری تاریخ چار دسمبر تھی جس میں صرف چار دن باقی رہ گئے تھے۔ اب سات دن کی توسیع کے بعد ڈیڈ لائن کو 11 دسمبر تک بڑھا دیا ہے۔اب ایس آئی آر مسودے کی اشاعت کی آخری تاریخ 9 دسمبر 2025 سے تبدیل کر کے 16 دسمبر 2025 کر دی گئی ہے۔ اس کے بعد دعویٰ اور اعتراض داخل کرنے کے لیے 9 دسمبر 2025 سے 8 جنوری 2026 تک کی جگہ پر اب نئی تاریخ 16 دسمبر سے لے کر 15 جنوری 2026 تک کر دی گئی ہے۔اس سے قبل حتمی فہرست کیلئے7 فروری 2026 کی تاریخ کو مقرر کی گئی تھی تاہم اب فائنل لسٹ 14 فروری 2026 کو شائع کی جائے گی۔ اس پورے عمل کو ایک ہفتہ پیچھے کر دیا گیا ہے۔حکومت کے اس اقدام کو بی ایل اوز کے لیے ایک ریلیف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ چار دسمبر تک ایس آئی آر فارم جمع کرانے کے دباؤ کی وجہ سے کئی بی ایل اوز کی اموات کی اطلاعات ہیں۔ تازہ اطلاع کے مطابق راجستھا میں بھی ایک بی ایل او کی طبیعت بگڑنے سے موت ہو گئی ہے۔ متوفی کے اہل خانہ کے مطابق اس کی موت کام کے دباؤ کی وجہ سے ہوئی ہے۔ حکومت کے اس فیصلے سے اب ایس آئی آر کے عمل میں شامل افسران کو ایک ہفتے کا اضافی وقت مل جائے گا۔