نئی دہلی، 30 ستمبر:(ایجنسیز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے نئے ووٹروں کے اندراج سے متعلق فارم 6 میں شامل ایس آئی آر سے متعلق اضافی ڈیکلریشن کو ان ریاستوں میں ختم کر دیا ہے جہاں خصوصی گہری نظر ثانی یعنی SIR کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ اس فیصلے کے بعد ان ریاستوں میں نئے ووٹر کے طور پر رجسٹریشن کرانے والے شہریوں کو اپنے آباؤ اجداد سے متعلق اضافی معلومات فراہم کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔نئے ووٹر کیلئے فارم 6 میں شامل اضافی شق کے تحت درخواست دہندگان سے خود کو یا اپنے والدین، دادا، دادی، نانا یا نانی کو سابقہ SIR کے دوران تیار کی گئی ووٹر لسٹ سے جوڑنے والی تفصیلات طلب کی جا رہی تھیں۔ اب جن ریاستوں میں SIR کا عمل مکمل ہو چکا ہے، وہاں یہ اضافی معلومات فارم 6 کے آن لائن عمل کا حصہ نہیں رہیں گی۔ اب SIR مکمل ہونے والی ریاستوں میں آن لائن فارم 6 سے یہ اضافی ڈیکلریشن ہٹا دیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ان ریاستوں میں نئے ووٹر کے اندراج کیلئے شہری معمول کے فارم 6 کے ذریعے درخواست دے سکیں گے اور انہیں سابقہ SIR کی ووٹر لسٹ میں اپنے خاندان کے افراد کی موجودگی سے متعلق اضافی تفصیلات فراہم نہیں کرنا ہوں گی۔البتہ جن ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں خصوصی گہری نظر ثانی کا عمل ابھی جاری ہے، وہاں SIR سے متعلق اضافی تقاضے برقرار رہ سکتے ہیں۔ اس طرح فارم 6 کے طریقہ کار میں تبدیلی کا اطلاق ریاست میں SIR کے مرحلے کے مطابق ہوگا۔