ایس ایس سی امتحان کے لیے نصاب میں 50 فیصد کمی کے لیے اولیاء طلباء کا زور

   


حیدرآباد :۔ حیدرآباد اسکول پیرنٹس اسوسی ایشن (HSPA) نے ایس ایس سی امتحان کے لیے نصاب میں 50 فیصد کمی کرنے کے لیے حکومت پر زور دیا ہے بجائے 30 فیصد کے جس کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے یہ بھی کہا کہ طلبہ کو اسٹیڈی میٹریل ورچول لیسنس ، ایکسرسائزس اور سوالات و جوابات کی شکل میں فراہم کیا جائے ۔ ایچ ایس پی اے کے جوائنٹ سکریٹری کے وینکٹ سائی ناتھ نے کہا کہ ’ ہم 17 مئی سے ایس ایس سی امتحانات منعقد کرنے کے حکومت کے فیصلہ کی حمایت کرتے ہیں ۔ ہم ریاستی حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ ان امتحانات کے لیے نصاب میں مزید 20 فیصد کی کمی کی جائے تاکہ طلبہ کے لیے امتحانات کی تیاری کرنے میں آسانی ہو ‘ ۔ اسوسی ایشن کے ارکان نے کہا کہ کسی بھی اسٹوڈنٹس کو فیس کی عدم ادائیگی کے لیے امتحان تحریر کرنے سے روکا نہیں جانا چاہئے ۔ اگر کچھ بقایہ جات ہوں تو ٹرانسفر سرٹیفیکٹ لیتے وقت وصول کئے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ طلبہ کو امتحان تحریر کرنے سے روکنے والے اسکولس کے خلاف جرمانہ عائد کیا جائے ۔ تلنگانہ پیرنٹس اسوسی ایشن (TPA) کے ارکان نے ریاستی حکومت سے کہا کہ سال 2020-21 کے لیے فیس ریگولیشن پر رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں ۔ ٹی پی اے کے صدر این نارائنا نے کہا کہ ’ اخراجات میں کافی کمی ہوتی ہے ۔ اس لیے حکومت اسکولس کو ہدایت جاری کرے کہ صرف 50 فیصد ٹیوشن فیس ہی وصول کی جائے ‘ ۔۔