ایس ایس سی امتحانات شدید گرما میں منعقد کرنے پرتشویش

   

کورونا کی امکانی چوتھی لہر کا اندیشہ، شیڈول میں تبدیلی کرنے سرپرستوںکا مطالبہ
حیدرآباد۔/22 مارچ، ( سیاست نیوز) قومی سطح پر جے ای ای امتحانات کے سبب تلنگانہ میں ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ امتحانات کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔ حکومت نے ایس ایس سی امتحانات مئی کے اواخر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اولیائے طلبہ اس فیصلہ کی مخالفت کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ماہِ مئی میں گرمی عروج پر ہوتی ہے ایسے وقت تعطیلات کے بجائے طلبہ کو امتحانات کے نام پر گھروں سے نکلنے پر مجبور کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں کورونا کی امکانی چوتھی لہر کے اندیشہ کے تحت حکومت کو ایس ایس سی امتحانات کے شیڈول میں تبدیلی کرنی چاہیئے۔ طلبہ اور سرپرستوں نے اس سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اپریل میں امتحانات کا شیڈول تیار کیا جائے۔ تلنگانہ میں 4.81 لاکھ سے زائد طلبہ نے ایس ایس سی امتحانات کیلئے خود رجسٹرڈ کرایا ہے۔ کورونا وباء سے قبل عام حالات میں ایس ایس سی امتحانات کا اپریل میں آغاز ہوتا اور مئی کے اوائل میں مکمل ہوتے۔ حکومت نے ابتداء میں 11 تا 20 مئی ایس ایس سی امتحانات کے شیڈول کا اعلان کیا تاہم انٹر میڈیٹ کے شیڈول میں تبدیلی کے بعد نیا شیڈول جاری کیا گیا جس کے تحت ایس ایس سی امتحانات 23 مئی تا یکم جون منعقد ہوں گے۔ ٹیچرس نے بھی حکومت کے موجودہ شیڈول پر ناراضگی جتائی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت کے دوران امتحانات مناسب نہیں۔ حکومت نے 15 مارچ سے اسکولوں میں ہاف ڈے ایجوکیشن کا اعلان کردیا ہے اور اپریل اور مئی کے دوران گرمی کی شدت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ تلنگانہ پروگریسیو ٹیچرس فیڈریشن نے امتحانی شیڈول پر نظر ثانی کی خواہش کی۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کا خطرہ برقرار ہے اور مئی میں کیسس منظر عام پر آنے کا اندیشہ ہے۔ کورونا کے سبب گزشتہ دو برسوں میں حکومت ایس ایس سی امتحانات منعقد نہیں کرسکی تھی۔ حکومت نے تمام مضامین میں صرف 70 فیصد نصاب کے مطابق 11 پرچہ جات کے بجائے صرف 6 پرچہ جات کا فیصلہ کیا ہے۔ر