ایس ایس سی کامیاب طلبہ کو جناب عامر علی خاں ایم ایل سی کی مبارکباد

   

ٹاپرس کے لیے نقد انعامات کا اعلان ، نونہالان ملت کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدام
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے ایس ایس سی نتائج جاری کردئیے گئے ہیں ۔ جس میں حسب روایت طالبات نے طلباء کو پیچھے کردیا ہے ۔ انگریزی میڈیم کے 94.01 فیصد طلبہ نے کامیابی حاصل کی ۔ جب کہ 83.46 فیصد تلگو میڈیم طلبہ کو بھی کامیابی ملی جہاں تک اردو میڈیم کے ایس ایس سی طلبہ کی کامیابی کا سوال ہے اردو میڈیم کے 87.72 فیصد طلبہ نے کامیابی درج کروائی ۔ 94.26 فیصد لڑکیوں اور 91.32 فیصد لڑکوں کو کامیابی حاصل ہوئی ۔ بحیثیت مجموعی ایس ایس سی کا نتیجہ 92.78 فیصد رہا ۔ ایس ایس سی نتائج پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں ایم ایل سی نے جو ہونہار طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتے کامیاب طلباء و طالبات ان کے والدین و سرپرست حضرات کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایس ایس سی دراصل اعلیٰ تعلیم کی طرف لے جانے والی اہم سیڑھی ہے ، اہم ذریعہ ہے ۔ جناب عامر علی خاں نے ایس ایس سی ٹاپر کے لیے چاہے وہ دختر ملت ہو یا فرزند ملت دس ہزار روپئے ، دوسرے ٹاپر کے لیے 5000 روپئے ، تیسرے ٹاپر کے لیے 3000 روپئے اور چوتھے مقام سے لے کر دسواں مقام حاصل کرنے والوں کو فی کس دو ، دو ہزار روپئے نقد انعامات دینے کا اعلان کیا ۔ روزنامہ سیاست کی جانب سے 90 فیصد سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے دوسرے تمام طلباء وطالبات کو میڈلس اور توصیف نامے بھی پیش کئے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ جناب عامر علی خاں ایم ایل سی نے انٹر میڈیٹ سال دوم کے ٹاپرس کو جن میں ایم پی سی ، بی پی سی ، سی ای سی ، ایم ای سی یہاں تک کہ ووکیشنل کورس ( انٹر میڈیٹ ) کے ٹاپرس کو فی کس 5000 ، 3000 اور 2000 روپئے نقد انعامات دینے کا اعلان کیا تھا ۔ چنانچہ جلد ہی اس ضمن میں انٹر میڈیٹ اور ایس ایس سی کامیاب طلباء وطالبات میں انعامات توصیف ناموں اور میڈلس کی تقسیم کے لیے علحدہ تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا ۔ جن طلباء وطالبات نے ایس ایس سی میں 90 فیصد سے زائد نمبرات حاصل کئے ہیں وہ انعامات کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں ۔ طلبہ کی سہولت کے لیے کیو آر کوڈ بھی دیا جارہا ہے یا دئیے گئے لنک https://forms.gle/NDsvpgNYsjdEVnG99 پر بھی اپلائی کرسکتے ہیں ۔۔