انٹرمیڈیٹ تک تعلیم کو یقینی بنایاجائے، عہدیداروں کو رپورٹ پیش کرنے کا مشورہ، محکمہ تعلیم پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ ایس ایس سی امتحان میں کامیاب ہونے والے ہر طالب علم کی انٹرمیڈیٹ تک تعلیم کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔ چیف منسٹر نے آج محکمہ تعلیم کی کارکردگی پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر نے ایس ا یس سی کے بعد طلبہ میں تعلیم ترک کرنے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ عہدیداروں کو چاہئے کہ ایسی حکمت عملی تیار کریں کہ ایس ایس سی کی تکمیل کے بعد ہر طالب علم انٹرمیڈیٹ کی تعلیم مکمل کریں۔ انہوں نے 9 ویں جماعت تا 12 ویں جماعت تعلیمی نظام کو بہتر بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت ظاہر کی ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ ایس ایس سی کے بعد زیادہ تر طلبہ کی جانب سے تعلیم ترک کرنے کی وجوہات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ترک کرنے کی وجوہات کا حل تلاش کرتے ہوئے طلبہ کو انٹرمیڈیٹ تک تعلیم کے حصول کے اقدامات کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ طلبہ کی زندگی میں انٹرمیڈیٹ اہم مرحلہ ہوتا ہے۔ ایسے میں طلبہ کی موثر رہنمائی کی ضرورت ہے تاکہ وہ تعلیم کو جاری رکھ سکے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دیگر ریاستوں میں نویں جماعت تا بارھویں جماعت تعلیم کا رجحان ہے اور تعلیم ترک کرنے والوں کی تعداد کم ہے۔ انٹرمیڈیٹ تک تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جامع رپورٹ حکومت کو پیش کریں۔ انہوں نے ایجوکیشن کمیشن کو مشورہ دیا کہ تعلیم کے شعبہ میں خدمات انجام دینے والی غیر سرکاری تنظیموں اور عوامی تنظیموں کے علاوہ ماہر تعلیم سے تجاویز حاصل کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ تک تعلیم کو یقینی بنانے کے مسئلہ پر وہ اسمبلی میں مباحث کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ینگ انڈیا اقامتی اسکولوں میں انٹرمیڈیٹ تک بہتر تعلیم کا انتظام کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے اقامتی جونیئر کالجس کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر نے تجویز پیش کی کہ ہر اسکول کے احاطہ میں ایک بڑا قومی پرچم آویزاں کیا جائے۔ انہوں نے اقامتی اسکولوں کی تعمیر کا کام جلد مکمل کرنے اور تعمیر کے معیار سے متعلق ہر ہفتہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ ہر اسمبلی حلقہ میں لڑکوں کیلئے ایک اور لڑکیوں کے لئے ایک ینگ انڈیا اقامتی اسکول تعمیر کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اراضی کے حصول کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ دو اسکولوں کیلئے اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ چیف منسٹر نے ویمنس یونیورسٹی کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور بعض تبدیلیوں کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے تعمیری کاموں کے ٹنڈرس کی جلد تکمیل کی ہدایت دی۔ اجلاس میں چیف منسٹر کے مشیر وی نریندر ریڈی ، ریاستی حکومت کے مشیر ڈاکٹر کے کیشو راؤ ، چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی ، سکریٹری محکمہ تعلیم یوگیتا رانا ، صدرنشین کونسل فار ہائیر ایجوکیشن بالا کشٹا ریڈی ، کمشنر ٹکنیکل ایجوکیشن سری دیوا سینا ، اسپیشل سکریٹری محکمہ ایجوکیشن ہریتا اور جے این ٹی یو کے رجسٹرار وینکٹیشور راؤ نے شرکت کی۔1