ایس ایس سی کے صد فیصد نتائج کیلئے منصوبہ بندی کے ساتھ تیاری کا مشورہ

   

جگتیال میں اساتذہ کا اجلاس، ضلع کلکٹر جی روی کا خطاب

جگتیال۔جگتیال ضلع کلکٹر جی روی نے کہا کہ جماعت دہم کے صد فیصد نتائج کی حصولی کے اقدامات کئے جائیں۔آج بروز جمعہ انھوں نے اساتذہ کے ساتھ شہر جگتیال کے پدما نائیکا کلیانہ منڈپم میں اجلاس کا انعقاد عمل میں لاکر کہا کہ ضلع کے قیام کے بعد سے مسلسل تین سالوں تک اول مقام حاصل ہوا۔جس پر ضلع کلکٹر نے اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔اور کہا کہ کورونا وبا کے باعث گزشتہ دو سال امتحانات کا انعقاد عمل میں نہیں لایا گیا۔ جاریہ سال میں مئی کے دوسرے ہفتہ میں امتحانات کے انعقاد کا بورڈ نے اعلان کیا۔طلباء کو اساتذہ 60 دنوں کی منصوبہ بندی کے ساتھ تیاری کروائیں۔ ہر دن صبح و شام طلباء کیلئے خصوصی کلاسس کا اہتمام کریں۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ خصوصی کلاسس کیلئے ضلعی مہتمم برائے محکمہ تعلیم کو 20 لاکھ روپئے ناشتہ کے انتطام کیلئے عطا کئے گئے۔ خیرخواہ افراد کی جانب سے فراہم کی جانے والی رقم اور کلکٹریٹ فنڈس سے بھی فراہم کی جانے والی رقم کے ذریعہ طلباء کیلئے ناشتہ کاانتطام کیا جارہا ہے۔ ضلع کلکٹر نے اساتذہ ہدایت دی کہ طلباء میں سوالات کے مطابق موزوں جوابات کی تحریر کیلئے مہارت پیدا کریں۔ ضلع کے بعض مدراس میں نصاب کی عدم تکمیل کی اطلاع موصول ہورہی ہے۔ نصاب کی عاجلانہ تکمیل کرتے ہوئے مسلسل امتحانات کا انعقاد کرتے رہیں۔ ہمارا گاؤں ہمارا مدرسہ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں منتخبہ مدارس میں دو مختلف بینک اکاؤنٹ کھولے جائیں۔حکومت کی ہدایت کے مطابق بنیادی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں۔ضلع کلکٹر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری مدارس میں کمزور تعلیم کی نشاندہی کی گئی،جماعت ہشتم میں بھی طالب علم تلگو زبان پڑھنے سے قاصر ہیں۔کورونا کی وجہ سے گذشتہ دو سالوں سے طلباء میں مطالعہ کی عادت کم ہوچکی ہے، کسی بھی طرح طلباء میں دلچسپی کے رجحانات کو بناکر حکومت کی جانب سے متعارف کردہ پروگرام”پڑھو” ریڈ کے ذریعہ مکمل استفادہ کرنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔سرکاری مدارس میں صبح کے اوقات دعا کے اہتمام کو یقینی بنائیں۔ دعاکے اختتام کے بعد طلباء کی ذریعہ قومی ،ریاستی اور ضلعی خبروں کو طلباء میں پڑھ کر سنایا جائے۔اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر بی ایس لتا، ضلعی مہتمم برائے محکمہ تعلیم، جگن موہن ریڈی، ایم ای اوس،اساتذہ اور دیگر نے شرکت کی۔