ایس بی آئی کے قیام کے 70 سال ، بیالنس شیٹ کی اجرائی

   

175 ممالک سے زیادہ بڑی معیشت ، بینک کے پاس 66 ٹریلین روپئے موجود
حیدرآباد۔2۔جولائی (سیاست نیوز) ہندستانی عوامی شعبہ کے سرکردہ بینک ’اسٹیٹ بینک آف انڈیا‘ نے اپنے قیام کے 70سال کی تکمیل کے موقع پر پیش کی گئی بیلنس شیٹ کے ذریعہ دنیا بھر کے 175 ممالک سے زیادہ بڑی معیشت کے طور پر خود کو پیش کیا ہے۔اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی جانب سے پیش کی جانے والی بیلنس شیٹ کے مطابق اس کے پاس اب 66ٹریلین روپئے مطابق 0.77 ڈالر ہیں۔30جون1955 کو قائم کئے جانے والے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے ڈپازٹس جو 210.95 کروڑ تھے وہ بڑھ کر اب 53لاکھ 82ہزار190 کروڑ تک پہنچ چکے ہیں جو کہ 25ہزار500 گنا اضافہ ہے۔اسی طرح بینک کے قرضہ جات کا جائزہ لینے پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ یہ 116.24 کروڑ سے بڑھ کر 41لاکھ 63 ہزار 312 تک پہنچ چکے ہیں جو کہ مجموعی اعتبار سے 35800 گنا اضافہ ہے۔ایس بی آئی کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق جون 1955 میں ہندستان کا جی ڈی پی 10977 کروڑ تھا اور مارچ 2025 میں ہندستان کا جی ڈی پی 330لاکھ 86ہزار 145 کروڑ ریکارڈ کیاگیا ہے۔اسٹیٹ بینک آف انڈیا دنیا کی جی ڈی پی کا 1.1 فیصد ہے جبکہ ہندستان کی جی ڈی پی کا 16 فیصد ریکارڈ کیاگیا ہے۔جاریہ سال کے دوران دنیا کی معیشت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے متعلق کہاجا رہاہے کہ دنیا کی معیشت میں 4.1ٹریلین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے اور اس میں ہندستان کا حصہ 297 ارب ڈالر ہے جس میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا کا حصہ 44ارب ڈالر ہے جو کہ 1.1فیصد ہوتا ہے۔66 ٹریلین ڈالر کی بیلنس شیٹ کے ساتھ اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے دنیا کے 43ویں سب سے بڑے بینک کا مقام حاصل کرچکا ہے۔بینک کے دستاویزات کے مطابق ایس بی آئی کے پاس 53کروڑ صارفین ہیں اور بینک کی سرمایہ کاری میں گذشتہ 70 سال کے دوران 159گنا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے ۔بینک کی سرمایہ کاری جو کہ 5.62کروڑ تھی اس میں اضافہ کے بعد اب یہ 892 کروڑ تک پہنچ چکی ہے اور بینک کے فاضل 6.35 کروڑ میں اضافہ کے بعد یہ 4لاکھ 40ہزار270 کروڑ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی سماجی بہبود اور معاشرتی حالات کو تبدیل کرنے والی اسکیمات کا حصہ بنتے ہوئے جن دھن یوجنا کے تحت 15 کروڑ کھاتے کھولے ہیں جن میں 14.6کروڑ افراد کو پردھان منتری سرکشا بیمہ کے تحت کھولے گئے ہیں جبکہ 6.7 کروڑ کھاتے جیوتی بیمہ یوجنا کے تحت کھولے گئے اسی طرح 1.73 کروڑافراد کے کھاتے اٹل بیمہ یوجنا کے تحت کھولے گئے ہیں۔ایس بی آئی نے سال 2025کے دوران تمام سرکاری بینکوں میں مجموعی طور پر 40 فیصد منافع ریکارڈ کیاہے جبکہ کارپوریٹ انکم ٹیکس میں 2.53 فیصد کا حصہ ادا کیا ہے۔