ایس جی ٹی منتخب حمیرا ‘مالی مسائل کے باوجود سیول سرویسس کی تیاری

   

ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : اگر ارادہ مضبوط ہو اور منزل کو پہونچنے کا جنون ہو تو ہر دروازہ خود ہی کھل جاتا ہے اور راستے آسان ہوجاتے ہیں اور کامیابی آگے بڑھ کر گلے لگاتی ہے ۔ حمیرا بیگم کی لگن و محنت نوجوانوں بالخصوص لڑکیوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔ تلنگانہ کے ونپرتی کی ساکن حمیرا بیگم بچپن سے آئی اے ایس آفیسر بننے کا خواب دیکھ رہی ہے ۔ مگر زندگی کے حالات نے انہیں فی الحال گورنمنٹ ٹیچر بنادیا ۔ ان کے والد شہر حیدرآباد کے ایک مدرسے میں یومیہ اجرت پر کام کرتے تھے ۔ ان کی والدہ نے اردو ٹیچر کی حیثیت سے کچھ دن کام کیا ہے ۔ بڑا بھائی عبید ذہنی مسائل میں مبتلا ہے ۔ حمیرا کی پریشانی اس وقت شروع ہوئی جب وہ ساتویں جماعت میں تھی ۔ والد فالج کا شکار ہوگئے تھے ۔ والد کی بیماری نے حمیرا کی پڑھائی متاثر کی انہیں خانگی اسکول سے نکال کر چادر گھاٹ کے سرکاری اسکول میں داخلہ کرایا گیا وہیں سے دسویں جماعت کی تعلیم مکمل کی ۔ والد کے انتقال کے بعد مالی حالت بگڑ گئے ۔ جس کے بعد وہ حیدرآباد سے ونپرتی منتقل ہوگئی ۔ شہر کے وسیع مواقع سے تو وہ محروم ہوگئی تھی مگر اپنے خوابوں کو حمیرا نے زندہ رکھا تھا ۔ ان کی تعلیمی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے ان کی مامو زاد بہن ثمینہ اور کانسٹبل بہنوائی احمد علی حمیرا کے خاندان کو دوبارہ حیدرآباد واپس لے آئے ۔ حمیرا کی تعلیمی دلچسپی چنچل گوڑہ سنٹرل جیل کے سپرنٹنڈنٹ نواب شیوکمار گوڑ تک پہونچی ۔ انہوں نے ’ سیودی گرل چائلڈ ‘ تنظیم کے ذریعہ حمیرا کی مدد کی ۔ جیل کے عملہ نے حمیرا کا ساتھ دیتے ہوئے حمیرا کو اپنے بچوں کو ٹیوشن پڑھانے کا موقع فراہم کیا جس سے ان کے خاندان کو مالی تحفظ فراہم ہوا اور ان کی خود اعتمادی میں اضافہ ہوا ۔ کئی مسائل کے باوجود ایم پی سی سے انٹر کی تعلیم مکمل کی۔ نریڈمیٹ سے ڈی ایڈ مکمل کیا ۔ کامیابی انہی کو ملتی ہے جو محنت کرتے ہیں ۔ اردو ٹیچر کی حیثیت سے منتخب ہوگئی ۔ اپنی کامیابی پر حمیرا نے بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا تھا کہ وہ سوچ رہی تھی ان کی زندگی اور خواب ختم ہوگئے لیکن شیو کمار گوڑ سر نے سنٹر کے ذریعہ آن لائن سیولس کوچنگ کا انتظام کرایا ۔ اوپن ڈگری کے علاوہ اپنے ٹیوشن کو جاری رکھتے ہوئے خالی وقت میں سیول کی تیاری کررہی ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میری طرح ہونہار غریب لڑکیوں کی مدد کرنے وہ سیول کی تیاری کررہی ہیں ۔۔ 2