اراضی کے الاٹمنٹ اور ٹیکسوں میں رعایت، جگن موہن ریڈی کا اعلان
حیدرآباد: چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ایس سی ، ایس ٹی طبقات کو صنعتوں کے قیام میں حوصلہ افزائی کے لئے خصوصی پالیسی کا اعلان کیا جس کے تحت ایس سی ، ایس سی طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو مختلف رعایتیں اور سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ چیف منسٹر نے مالیاتی سال 2020-23 کیلئے ایس سی ، ایس ٹی انڈسٹریل پالیسی کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پالیسی کا مقصد سماجی انصاف فراہم کرنا ہے ، اس کے علاوہ صنعتوں کے قیام کے سلسلہ میں ایس سی ، ایس ٹی طبقات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو ورکنگ کلاس کے بجائے صنعت کاروں کی حیثیت سے ترقی دی جائے گی ۔ اسکیم کا نام آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی سے موسوم کیا گیا ہے ۔ دسہرہ کے موقع پر اسکیم کا آغاز کیا گیا۔ نئی صنعتی پالیسی کے تحت اسٹامپ ڈیوٹی میں رعایت دی جائے گی ۔ انویسٹمنٹ سبسیڈی کے علاوہ اراضی الاٹ کرتے ہوئے برقی اور دیگر شعبہ جات میں سبسیڈی فراہم کی جائے گی ۔ حکومت نے صنعتوں کے قیام کے سلسلہ میں انڈسٹریل زونس میں ایس سی ، ایس ٹی صنعت کاروں کو اراضی کے الاٹمنٹ میں تحفظات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آندھراپردیش انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کی 16.2 فیصد ڈیولپ اراضی ایس سی اور 6 فیصد اراضی ایس ٹی صنعت کاروں کے لئے محفوظ کی گئی ہے ۔ وزیر سماجی بھولائی پی وشوا روپ نے کہا کہ آندھراپردیش میں ایس سی ، ایس ٹی طبقات کی ترقی کیلئے کئی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ ولیج اور وارڈ سکریٹریز کے 82 فیصد پوسٹ ، بی سی ، ایس سی ، ایس ٹی اور اقلیتی امیدواروں سے پر کئے گئے ہیں۔