ایس سی زمرہ بندی کا جی او جاری، پہلی کاپی چیف منسٹر ریونت ریڈی کو پیش

   

3 ذیلی گروپس میں 15 فیصد تحفظات کی تقسیم، تلنگانہ کو ملک کی پہلی ریاست کا اعزاز
حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ایس سی زمرہ بندی کے حق میں سرکاری احکامات جاری کرتے ہوئے ملک کی پہلی ریاست کا درجہ حاصل کرلیا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست بن چکی ہے جس نے زمرہ بندی کے حق میں جی او اور گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ایس سی زمرہ کے تحت مختلف ذیلی طبقات کو 3 علیحدہ گروپس میں تقسیم کرتے ہوئے 15 فیصد تحفظات الاٹ کئے گئے۔ گورنر تلنگانہ نے اسمبلی میں منظورہ بل کو 8 اپریل کو منظوری دی اور حکومت نے 14 اپریل کو گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر گزٹ نوٹیفکیشن اور جی او 33 کی اجرائی سے ایس سی طبقات میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔ گروپ I کے تحت 15 ذیلی طبقات کو شامل کیا گیا جنھیں ایک فیصد تحفظات حاصل ہوں گے۔ گروپ II میں 18 ذیلی طبقات کو 9 فیصد تحفظات الاٹ کئے گئے جبکہ گروپ 3 کے تحت 26 ذیلی طبقات کو شامل کرتے ہوئے 5 فیصد تحفظات الاٹ کئے گئے۔ ایس سی زمرہ بندی پر تشکیل دی گئی کابینی سب کمیٹی کے ارکان اتم کمار ریڈی، دامودر راج نرسمہا، پی سرینواس ریڈی اور پونم پربھاکر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے جی او کی پہلی کاپی حوالہ کی۔ اِس موقع پر ایس سی زمرہ بندی پر ایک رکنی کمیشن کے صدرنشین جسٹس شمیم اختر اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایس سی زمرہ بندی پر عمل آوری کو تاریخی فیصلہ قرار دیا اور کہاکہ تلنگانہ میں ایس سی طبقات کو انصاف فراہم کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر ایس سی زمرہ بندی کے حق میں فیصلہ کرتے ہوئے حکومت نے دستور ہند کے معمار کو بہتر خراج پیش کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ایس سی طبقات زمرہ بندی کے حق میں طویل عرصہ سے جدوجہد کررہے تھے۔ گزٹ نوٹیفکیشن کی اجرائی سے ریاست میں ایس سی طبقات کی زمرہ بندی پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر نے کابینی سب کمیٹی اور ایک رکنی کمیشن کی خدمات کو سراہا اور کہاکہ ایس سی طبقات اِس مساعی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔1