کوچی۔ 9اگست (یو این آئی) سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ ملک کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر 15 اگست کو کیرالہ میں ’آزادی اسکوائرز‘ کا انعقاد کرے گی۔ ایس ڈی پی آئی کے ریاستی سکریٹری انصاری ایناتھ نے بتایا کہ ’’آزادی ایک پیدائشی حق ہے‘‘کے پیغام کے ساتھ کیرالہ کے مختلف مقامی سطحوں پر’آزادی اسکوائرز‘ منعقد کیے جائیں گے ۔ ان پروگراموں میں قومی پرچم کشائی، کوئز مقابلے ، بچوں کی تقاریر کے مقابلے ، اجتماعات، میٹنگز اور دیگر تقریبات شامل ہوں گی۔ انصاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج آزادی کے تحفظ کے بجائے ، خود حکومتیں شہریوں کی آزادی سلب کر رہی ہیں۔ ملک کا عظیم آئین اور اس کے بنیادی اصول یا تو کمزور کیے جا رہے ہیں یا تباہ کر دیے گئے ہیں۔ طاقت کے مراکز کی پشت پناہی سے پرتشدد گروہ آزادانہ گھوم رہے ہیں، جس سے اندرونی سلامتی خطرے میں ہے ۔ قومی سرحدوں پر غیر ملکی دراندازی بھی ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بن رہی ہے ۔ مذہبی بنیادوں پر امتیاز، شہری حقوق کی پامالی اور انصاف سے محرومی دن بہ دن بڑھ رہی ہے ۔واضح رہے کہ ایس ڈی پی آئی کی سیاسی وابستگی پی ایف آئی سے ہے ۔ پی ایف آئی پر 2022 میں دہشت گردی کی حمایت، ملک مخالف سرگرمیوں، انتہا پسندی اور ہندوستان و بیرونِ ملک ممنوعہ شدت پسند گروپوں سے تعلقات کے الزامات کی بنیاد پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔