’ ایسا ہندوستان بنادے یا اللہ‘ شہید امام کی ویڈیو وائرل

   

مسلمان ہونے پرفرقہ پرستوں کے جنونی ہجوم نے شہید کردیا

نئی دہلی: جواں سال امام مسجد حافظ محمد سعد ملک میں امن وآشتی کی دعائیں کرتے رہتے تھے، انہیں فقط مسلمان ہونے کی پاداش میں فرقہ پرستوں کی جنونی بھیڑ نے شہید کیا ، اب ان کی ’’ایسا ہندوستان بنادے یا اللہ ‘‘پڑھی گئی نظم سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔خیال رہے کہ ہریانہ کے نوح میں جنونی زعفرانیوں کی بھیڑ کے ذریعہ بھڑکائی گئی تشددکی آگ گروگرام میں بھی لگی۔گروگرام کی انجمن مسجد کو اس جنونی بھیڑ نے آگ کے حوالے کردیااور اس کے 22 سالہ نائب امام حافظ سعدکو سفاکانہ طریقہ سے شہید کردیا۔ وائرل ویڈیو میں شہید ا مام حافظ محمد سعد حب الوطنی پر مبنی نظم گا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں،کہ ہندو مسلم کھائے اک تھالی میں،ایسا ہندوستان بنا دے یا اللہ‘۔ اس ویڈیو کو ذاکر علی تیاگی نامی صارف نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔ یہ اسی مسجد کے امام ہیں ،جو اپنے خدا سے ملک میں امن وامان کی دعا کر ر ہے ہیں۔