جکارتہ: ایشیا ہاکی کپ کے سوپر فور مرحلے میں ڈیفنڈنگ چمپئن ہندوستان نے جاپان کو 2-1سے شکست دے کر 3 قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔ ملائیشیا اور جنوبی کوریا کا میچ 2-2 پر ڈرا ہوا۔11 ویں ایشیا کپ کے دلچسپ مقابلے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جاری ہیں۔ ہفتہ کو سوپر فور مرحلے کے میچ میں ہندوستان نے جاپان کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے ہرایا۔ انڈیا کیلئے منجیت نے 8 ویں اور پون راج بہار نے 35 ویں منٹ میں گول اسکور کیا۔ جاپان کی طرف سے واحد گول 18 ویں منٹ میں تکوما نیوا نے کیا۔ اس قبل ملائیشیا اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا گیا میچ 2-2 گول سے برابر رہا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ ملائیشیا کی جانب سے عبدالرحیم نے چوتھے اور عشران ہمسانی نے 40 ویں جبکہ جنوبی کوریا کی طرف سے لی ینگ نے 12 اور جیونگ جن وو نے 21 ویں منٹ میں گول کیا۔