ترواننت پورم ۔کیرالہ پولیس نے واضح کیا ہے کہ فارن میڈیکل گریجویٹ ایگزامینیشن (ایف ایم جی ای ) کے پرچے افشاء نہیں ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر سوالیہ پرچہ اور جوابی کلید کی فروخت کے اعلان کے دعوے کے بعد ترواننت پورم پولیس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کیا ہے۔ اب پولیس نے کہا ہے کہ ابھی تک ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے جس سے یہ ظاہر ہوکہ پیپرز لیک ہوئے ہیں۔ پولیس نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ ایف ایم جی ای کے امتحان میں شریک ہو رہے ہیں وہ محتاط رہیں۔ انہیں پیسوں کے لین دین کے لیے اس طرح کی دھوکہ دہی کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ سائبر پولیس سوشل میڈیا پلیٹ فارمزکی چوبیس گھنٹے نگرانی کررہی ہے اور مقابلے کے امتحانات کو سبوتاج کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ 6 جولائی کو ہونے والا امتحان ہندوستانی شہریوں یا ہندوستان کے غیر ملکی شہریوں کے لئے منعقد کیا جاتا ہے جنہوں نے لازمی میڈیکل کونسل آف انڈیا رجسٹریشن حاصل کرنے کے لئے غیر ملکی یونیورسٹی سے میڈیکل ڈگری حاصل کی ہے۔