نئی دہلی : فوڈ کارپوریشن آف انڈیا نے گیہوں کی مقررہ قیمتوں میں تخفیف کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو یقینی طور پر عوام کے لئے راحت کا باعث ہوگا اور پاستا و نوڈلس کھانے والوں کو اب اُن کی پسندیدہ اشیاء کم داموں میں دستیاب ہوسکیں گی۔ اس سلسلہ میں مرکزی وزارت اُمور صارفین کے عہدیداروں نے توثیق کرتے ہوئے کہاکہ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) خانگی خریداروں کو جس مقررہ قیمتوں پر گیہوں فروخت کیا کرتی تھی، اب اُن کی قیمتوں میں کمی کی جارہی ہے۔ خانگی خریداروں کو اوپن مارکٹ سیل اسکیم
(OMSS)
کے تحت گیہوں فروخت کیا جاتا تھا۔ گیہوں کی موجودہ قیمت 22 روپئے فی کیلو ہے جبکہ یہی قیمت مارچ میں 35 روپئے فی کیلو تھی۔ دوسری طرف گیہوں کا آٹا 28 روپئے فی کیلو ہے جبکہ تین ماہ قبل اس کی قیمت 30 روپئے فی کیلو تھی۔