عاجلانہ یکسوئی کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی ہدایت
حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ لے آؤٹ ریگولرائزیشن اسکیم (ایل آر ایس) پر عمل کیلئے ریاست کے نئے اضلاع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ بھٹی وکرامارکا نے ایل آر ایس اسکیم پر عمل کا جائزہ لینے سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ وزیر مال پی سرینواس ریڈی کے ہمراہ اُنھوں نے عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ انہوںنے کہاکہ اسکیم پر شفافیت سے عمل کیا جائے اور عوام کو کوئی دشواری نہ ہو۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت ایل آر ایس اسکیم پر عمل کے حق میں سنجیدہ ہے، کسی بھی بے قاعدگی کے بغیر شفافیت کے ساتھ عمل کیا جانا چاہئے۔ بھٹی وکرامارکا نے اسکیم کے رہنماخطوط کا جائزہ لیا۔ ریاست میں ایل آر ایس اسکیم کے تحت 39 لاکھ درخواستیں زیرالتواء ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اِن درخواستوں کی جلد از جلد یکسوئی ہونی چاہئے۔ ہر ضلع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ اگر محکمہ مال میں عہدیداروں کی کمی ہوتو دیگر محکمہ جات سے عہدیداروں کو ڈیپوٹیشن پر حاصل کیا جائے۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، اسپیشل چیف سکریٹری ریونیو نوین متل، جیوتی بدھا پرکاش، کمشنر جی ایچ ایم سی امراپالی، اسپیشل سکریٹری ہاؤزنگ وی پی گوتم اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ 1