ایل او سی پر گولہ باری، ایک خاتون جاں بحق ،تین زخمی

   

جموں: جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے بالاکوٹ اور مینڈھر سیکٹروں میں منگل اور چہارشنبہ کی درمیانی شب کو ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سرحد کے اس پار ایک معمر خاتون ہلاک جبکہ دوسری ایک شدید زخمی ہوگئی ہے ۔بعد ازاں دن کے وقت شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں ایل او سی کے ٹنگڈار سیکٹر میں بھی طرفین کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس میں دو عام شہری زخمی ہوگئے ۔سری نگر میں تعینات دفاعی ترجمان کے مطابق پاکستان نے ٹنگڈار سیکٹر میں چہارشنبہ کو دوپہر کے وقت جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور مارٹر گولے داغے ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان کو موثر جواب دیا گیا ہے تاہم ان کی مارٹر شلنگ کی وجہ سے دو عام شہری زخمی ہوگئے ہیں۔