حضور آباد سے ٹکٹ دینے کے سی آر کی پیشکش ۔ رمنا کونسل کی رکنیت کے خواہاں
حیدرآباد۔ /8 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے صدر این رمنا نے پرگتی بھون پہنچ کر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور چیف منسٹر کی دعوت پر ٹی آر ایس میں شامل ہونے سے اتفاق کرلیا۔ وزیر پنچایت راج و دیہی ترقیات ای دیاکر راؤ ، ایل رمنا کو ساتھ لے کر پرگتی بھون پہنچے اور چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے سیاسی حالات اور سماجی تلنگانہ کی پیشرفت کے علاوہ دوسرے اُمور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ چیف منسٹر نے انہیں ٹی آر ایس میں شامل ہونے کی دعوت دی جس پر انہوں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ اس معاملہ میں ان کا فیصلہ مثبت رہے گا۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ چیف منسٹر نے انہیں حضور آباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں بحیثیت پارٹی امیدوار مقابلہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ تاہم فوری طور پر ایل رمنا ضمنی انتخابات میں مقابلہ کرنے کے حق میں نہیں ہیں وہ چاہتے ہیں کہ انہیں ایم ایل اے کوٹہ کے کونسل انتخابات میں امیدوار بنایا جائے۔ پارٹی ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ضلع کریم نگر میں چیف منسٹر کا ایک جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے جس میں ایل رمنا کے علاوہ تلگودیشم کے دوسرے قائدین بھی ٹی آر ایس میں شامل ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ میونسپل انتخابات سے قبل تلنگانہ ٹی ڈی ایل پی کو ٹی آر ایس میں ضم کردیا گیا تھا۔ اب ایل رمنا کی ٹی آر ایس میں شمولیت سے تلگودیشم کا وجود خطرہ میں پڑ جائے گا۔ ایل رمنا کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے تعلق سے چند دنوں سے افواہیں گشت کررہی تھیں لیکن آج ایل رمنا کی چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد یہ حقیقت میں تبدیل ہوگئی ہے۔ ریاستی وزیر ای دیاکر راؤ نے کہا کہ ایل رمنا سے چیف منسٹر بہت زیادہ متاثر ہیں اس لئے انہوں نے انہیں پارٹی میں شامل ہونے کا مشورہ دیا ہے جس سے ایل رمنا نے اتفاق کرلیا ہے۔