نئی دہلی، 12 مارچ (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سفارتی ناکامی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ملک رسوئی گیس کی قلت سے دوچار ہے ، لیکن مسٹر مودی اپنی حکومت کی ناکامی پر توجہ دینے کے بجائے انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ ملکارجن کھرگے نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایسے وقت میں جب ملک بڑے بحران سے دوچار ہے ، وزیر اعظم مودی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ایل پی جی کی شدید قلت ہے ، لوگ قطاروں میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔ بی جے پی کی ناکامی کا خمیازہ متعدد چھوٹی اور بڑی صنعتوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ لیکن حکومت کے پاس جھوٹے دعوؤں کے سوا کوئی جواب نہیں ہے ۔ ملکارجن کھرگے نے ایل پی جی کے بحران کو حکومت کی سفارتی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’سفارت کاری کی ناکامی‘‘ سنگین مسئلہ ہے ، اور یہ کہ ملک کے 1.4 ارب لوگ توانائی کے نظم کی ناکامی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ نریندر مودی جی، بہت ہوئی ’من کی بات‘، اب ذرا پارلیمنٹ میں آکر کیجیے مسائل کی بات۔