ایلون مسک کی ایئرپورٹ سیکوریٹی عملے کی تنخواہیں ادا کرنے کی پیشکش

   

واشنگٹن ۔ 23 مارچ (ایجنسیز) امریکی ارب پتی ایلون مسک نے محکمہ ہوم لینڈ سیکوریٹی کی فنڈنگ کے تعطل کے دوران امریکی ایئرپورٹس پر تعینات سیکوریٹی اہلکاروں کی تنخواہیں ادا کرنے کی پیشکش کی ہے جس سے سیاسی تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فنڈنگ رکے ہونے کے باعث ٹرانسپورٹیشن سیکوریٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) کے اہلکار فروری کے وسط سے بغیر تنخواہ کے کام کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں ایئرپورٹس پر سیکوریٹی چیک کی قطاریں غیر معمولی حد تک طویل ہو گئی ہیں۔ ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس تعطل کے دوران ٹی ایس اے اہلکاروں کی تنخواہیں ادا کرنا چاہتے ہیں تاکہ مسافروں اور ملازمین کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ڈیموکریٹک ارکان نے فوری طور پر فنڈنگ معاہدہ پر دستخط نہ کیے تو امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے اہلکاروں کو ایئرپورٹ سیکوریٹی پر تعینات کر دیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ آئی سی ای ایجنٹس کو اس حوالے سے تیار رہنے کی ہدایت بھی دے دی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ٹی ایس اے محکمہ ہوم لینڈ سیکوریٹی کے تحت کام کرتا ہے، تقریباً 65 ہزار ملازمین پر مشتمل ادارہ ہے جبکہ اس کا سالانہ تنخواہوں کا بجٹ اندازاً ڈھائی سے تین ارب ڈالر کے درمیان بتایا جاتا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیاسی کشیدگی اس وقت مزید بڑھی جب جنوری میں منیاپولس میں آئی سی ای کارروائیوں کے خلاف مظاہروں کے دوران دو امریکی شہریوں کی ہلاکت کے بعد صدر ٹرمپ نے ہوم لینڈ سیکوریٹی کی سربراہ کرسٹی نوئم کو عہدے سے ہٹا دیا تھا، تاہم امیگریشن ایجنسی کی پالیسیوں پر تنازعہ بدستور جاری ہے۔