نئی دہلی : ا/11 اکٹوبر(یجنسیز ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کامیاب ترین کپتانوں میں سے ایک ایم ایس دھونی اب پائلٹ بن گئے ہیں۔ انہوں نے اپنا کورس گروڈا ایرو اسپیس سے مکمل کیا، جو کہ بھارت کے معروف ڈرون مینوفیکچرر اور چنئی میں واقع DGCA سے منظور شدہ ریموٹ پائلٹ ٹریننگ آرگنائزیشن (RPTO) ہے، جس کے لیے وہ برانڈ ایمبیسیڈر بھی ہیں۔پائلٹ کورس مکمل کرنے کے باوجود وہ طیارہ اڑانے کے قابل نہیں رہیں گے کیونکہ انہوں نے ڈرون پائلٹ کی تربیت مکمل کر لی ہے۔ اس کے ساتھ ہی دھونی کو اب ڈرون پائلٹ کا لائسنس مل گیا ہے۔ یہ تربیت مصدقہ اور محفوظ ڈرون آپریشنز کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی ڈرون پائلٹ کی تربیت مکمل کرنے اور ہوائی جہاز کی ٹیکنالوجی میں ماہر بننے کے بعد سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی حاصل کر رہے ہیں۔ ان کی یہ کامیابی ایک اہم لمحے کی نشاندہی کرتی ہے کیونکہ ہندوستان کے سب سے مشہور کھیل کے لیجنڈز میں سے ایک اہم کھلاڑی ہوائی جہاز کی ٹیکنالوجی کے مستقبل میں قدم رکھ رہا ہے۔دھونی کے انسٹرکٹرز نے ان کی کامیابی کا اعلان انسٹاگرام اور فیس بک پر ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا، جسے سوشل میڈیا کے متعدد صارفین نے پسند کیا اور دوبارہ اپنی وال پر شیئر کیا۔ مہندر سنگھ دھونی نے اعلان کیا کہ انہوں نے اپنا DGCA ڈرون پائلٹ سرٹیفیکیشن پروگرام گروڈا ایرو اسپیس کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔واضح رہے کہ دھونی نے تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے لیکن وہ انڈین پریمیئر لیگ میں چنئی سپر کنگز کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ہندوستان کا سب سے کامیاب کپتان، جس نے ملک کو دو ورلڈ کپ ٹائٹل جتوایا ہے، بائیک کے شوقین ہیں اور مسلح افواج میں اعزازی رینک بھی رکھتے ہیں۔