کانگریس ارکان کے ٹی آر ایس میں انضمام کی مخالفت، پولیس نے احتجاجیوں کو گرفتار کرلیا
حیدرآباد ۔ 11۔جون (سیاست نیوز) کانگریس کی محاذی تنظیم این ایس یو آئی کی جانب سے آج شہر کے مختلف مقامات پر راستہ روکو احتجاج منظم کیا گیا۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کی بھوک ہڑتال جبراً ختم کرنے اور انہیں گرفتار کرنے کے خلاف یہ احتجاج کیا گیا ۔ این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ نے بی این ریڈی سرکل پر رنگا ریڈی یونٹ کی جانب سے منعقدہ احتجاج میں حصہ لیا۔ این ایس یو آئی رنگا ریڈی کے صدر وشنو وردھن ریڈی ڈسٹرکٹ انچارج ایم ابھینے گوڑ ، اسٹیٹ کوآرڈینیٹر پی آر کے گوڑ ، سوشیل میڈیا اسٹیٹ کوآرڈینیٹر منوج ورما ، ضلع نائب صدر ونئے پاٹل اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے احتجاج میں شرکت کی۔ بی وینکٹ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت اسمبلی سے اپوزیشن کے خاتمہ کیلئے غیر دستوری طریقے اختیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کانگریس کے 12 ارکان اسمبلی کے ٹی آر ایس میں انضمام کی مذمت کی۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے ارکان مستعفی ہوکر دوبارہ منتخب ہوکر دکھائیں۔ ایس ایس یو آئی سٹی یونٹ کے زیر اہتمام گاندھی بھون کے روبرو دھرنا منظم کیا گیا۔ پولیس نے احتجاجی کارکنوں کو حراست میں لے کر بیگم بازار پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ حیدرآباد کے کوآرڈینیٹر عبدالمعید، جنرل سکریٹری وی چاؤلہ ، جنرل سکریٹری سائی گوڑ، سکریٹری منیش یادو ، سکریٹری رادھا کرشنا اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے احتجاج میں حصہ لیا۔ این ایس یو آئی نے ریاست گیر سطح پر احتجاج کا اعلان کیا تھا ۔ پارٹی ہیڈکوارٹر کو موصولہ اطلاعات کے مطابق تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس کی جانب سے احتجاج منظم کیا گیا۔
