کانگریس قائدین کا فیصلہ، مجالس مقامی میں عددی طاقت کا جائزہ
حیدرآباد۔/17 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں مجالس مقامی کی 12 نشستوں کے انتخابات میں کانگریس پارٹی امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ کرنے سے قبل مجالس مقامی میں اپنی عددی طاقت کا جائزہ لے رہی ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے پارٹی سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس میں مجالس مقامی کونسل نشستوں کے انتخابات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قطعی فیصلہ کرنے سے قبل ضلع کانگریس کمیٹیوں سے رپورٹ طلب کی جائے تاکہ مجالس مقامی میں کانگریس کی عددی طاقت کا پتہ چلایا جاسکے۔ انتخابات میں حصہ لینے کے مسئلہ پر ضلع کانگریس کمیٹیوں سے رائے طلب کی گئی ہے۔ اضلاع سے رپورٹ کی موصولی کے بعد ان نشستوں کی نشاندہی کی جائے گی جہاں مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ 23 نومبر ہے جبکہ 10 ڈسمبر کو رائے دہی ہوگی۔ پارٹی نے فوری طور پر فیصلہ کرنے کے بجائے ضلع کانگریس کمیٹیوں کو ترجیح دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹی آر ایس کیلئے تجسس برقرار رکھنے یہ فیصلہ کیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ برسراقتدار پارٹی کے ناراض عناصر اور کئی اضلاع کے عوامی نمائندے کانگریس قائدین سے ربط قائم کرتے ہوئے الیکشن میں حصہ لینے کی خواہش کررہے ہیں تاکہ رائے دہی کے موقع پر ان کا کچھ فائدہ ہو۔ واضح رہے کہ مجالس مقامی کے نمائندوں کو رائے دہی کیلئے بھاری رقومات ادا کی جاتی ہیں۔ ر