ایم ایل سی نشست کی رائے دہی کیلئے تمام تیاریاں مکمل

   

۔9 اضلاع میں پانچ لاکھ سے زائد رائے دہندے، 799 پولنگ اسٹیشن
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے 14 مارچ کو رائے دہی کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ اس حلقہ کے تحت 9 اضلاع آتے ہیں جن میں حیدرآباد ، ملکاجگری ، وقار آباد ، رنگا ریڈی ، نارائن پیٹ ، گدوال ، ونپرتی ، ناگر کرنول اور محبوب نگر شامل ہیں۔ رائے دہی صبح 8 تا شام 4 بجے تک رہے گی ۔ لال بہادر اسٹیڈیم کے انڈور اسٹیڈیم سے بیالٹ پیپرس اور بیالٹ باکسس متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں کو منتقل کئے جائیں گے۔ رائے شماری 17 مارچ کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق 22 مارچ تک الیکشن کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ 9 اضلاع کے 531268 رائے دہندے حق رائے دہی سے استفادہ کرسکیں گے ۔ ان میں 336256 مرد اور 194944 خاتون رائے دہندے شامل ہیں۔ میڑچل میں سب سے زیادہ 131284 رائے دہندے ہیں جبکہ نارائن پیٹ میں سب سے کم 13899 رائے دہندے ہیں۔ محبوب نگر میں 35510 ، ناگر کرنول 33924 ، ونپرتی 21158 ، گدوال 14876 ، رنگا ریڈی 144416 ، وقار آباد 25958 اور حیدرآباد میں 110243 رائے دہندے ہیں۔ 799 پولنگ مراکز قائم کئے جائیں گے ۔ ان میں محبوب نگر 56 ، ناگر کرنول 44 ، ونپرتی 31 ، گدوال 22 ، نارائن پیٹ 20 ، رنگا ریڈی 199 ، وقار آباد 38 ، میڑچل 198 اور حیدرآباد میں 191 پولنگ اسٹیشن رہیں گے ۔ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل آوری کے لئے ہر اسمبلی حلقہ میں فلائینگ اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ 3835 انتخابی عملہ خدمات انجام دے گا ۔ 93 امیدواروںکی موجودگی کے سبب جمبو بیالٹ پیپر تیار کیا گیا ہے اور 1598 بیالٹ باکسس خصوصی طور پر تیار کئے گئے ہیں۔ 80 سال سے زائد عمر کے افراد معذورین اور کورونا مریضوںکو پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ رائے دہی کا عمل مکمل کرلیا گیا ۔