حیدرآباد۔ دونوں شہروں میں ایم ایم ٹی ایس ( ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ سرویس ) کی تقریبا ایک سال کے وقفہ کے بعد چہارشنبہ سے بحالی ہوگی ۔ ابتداء میں 10 ایم ایم ٹی ایس ٹرین خدمات کو مختلف روٹس پر بحال کیا جا رہا ہے ۔ کورونا وباء کی وجہ سے دونوں شہروں میں ایم ایم ٹی ایس خدمات کو 23 مارچ 2020 سے روک دیا گیا تھا ۔ ایم ایم ٹی ایس خدمات در اصل شہر کے اندر اور سب اربن ٹریفک کی ضروریات کی تکمیل کیلئے 9 اگسٹ 2003 کو شروع کی گئی تھی ۔ وقت گذرنے کے ساتھ ان خدمات میں توسیع کی جاتی رہی ہے کیونکہ مسافرین ان ٹرینوں میں خاصی تعداد میں سفر کر رہے تھے ۔ یومیہ تقریبا ایک لاکھ 60 ہزار افراد 121 ایم ایم ٹی ایس ٹرینوں سے سفر کرتے تھے ۔ انڈین ریلویز نے چونکہ ایکسپریس ٹرین خدمات کو بتدریج بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس کو آگے بڑھاتے ہوئے ریلویز نے چہارشنبہ سے ایم ایم ٹی ایس ٹرین سرویس کو بحال کرنے کی منظوری دیدی ہے تاکہ سفر کی ضروریات کی تکمیل ہوسکے ۔ ابتدائی ایام میںدس ٹرینوں کو شروع کرنے کے بعد مسافرین کی تعداد اور عوام کے رد عمل کو دیکھتے ہوئے ساوتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے سرویس میں توسیع کے تعلق سے فیصلہ کیا جائیگا ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے نے مسافرین سے کورونا قواعد کی پابندی کرنے کی خواہش کی ہے اور کہا کہ وہ ماسک لازمی لگائیں اور سینیٹائزر کا استعمال کریں۔