ایم پی میں مندر احاطہ کی دیوار منہدم، 9 بچے ہلاک

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کے ساگر میں اتوار کو ایک مندر احاطہ کے قریب دیوار منہدم ہونے کے حادثہ میں کم از کم 9 بچوں کی موت ہو گئی۔ فوت ہونے والے بچوں کی عمر 9 سے 19 سال کے درمیان ہے۔ اس حادثہ کے دوران 4 بچے زخمی بھی ہوئے ہیں، جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ یہ واقعہ راہلی اسمبلی حلقہ کے سانودھا تھانہ علاقے میں پیش پیش آیا۔ شاہ پور کے ہردول مندر میں بھاگوت کتھا کا پاٹھ اور بچوں کا مٹی کے شیولنگ بنانے کا مقابلہ جاری تھا۔میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے شیولنگ بنانے کا مقابلہ جاری تھا اور اتوار کی چھٹی کے سبب کافی بچے اس میں حصہ لے رہے تھے۔ جس جگہ بچے بیٹھ کر شیولنگ بنا رہے تھے وہیں مندر کے احاطے کے ساتھ والی دیوار منہدم ہو گئی جس میں کئی بچے دب گئے۔ یہ دیوار تقریباً 50 سال پرانی تھی۔ پولیس انتظامیہ نے مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا تاہم کچھ بچے راستے میں ہی دم توڑ گئے جبکہ کچھ کی ہاسپٹل پہنچنے کے بعد موت ہوگئی ۔