ایمسٹ 2019 ء کا 2 مئی کو انعقاد ممکن عنقریب تاریخ کا اعلان

   

حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری (سیاست نیوز) انجنیئرنگ اگریکلچر اینڈ میڈیکل کامن انٹرنس ٹسٹ (ایمسٹ 2019 ئ) توقع ہے کہ 2 مئی کو منعقد ہوگا۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن جو انٹرنس امتحانات منعقد کرتی ہے۔ جاریہ ہفتہ تاریخ کا اعلان کرے گی۔ پیشہ ورانہ کورسس میں داخلہ کیلئے انٹرنس امتحانات کا انعقاد کونسل کی ذمہ داری ہے۔ کونسل کا اجلاس جلد منعقد ہوگا جس میں ایمسٹ اور دیگر انٹرنس امتحانات کی تاریخوں کو قطعیت دی جائے گی۔ 2008 ء میں کمپیوٹر پر مبنی انٹرنس کی کامیابی کے بعد امکان ہے کہ ایمسٹ جاریہ سال اسی انداز میں منعقد ہوگا۔ گزشتہ سال کی طرح ایمسٹ مرحلہ وار منعقد ہوگا۔ ایمسٹ 2018 ء میں جملہ ایک لاکھ 36 ہزار 305 طلبہ نے انجنیئرنگ میں شرکت کی تھی جن میں ایک لاکھ 6 ہزار 646 کوالیفائیڈ ہوئے۔ اگریکلچر اینڈ میڈیکل زمرہ میں 66858 امیدواروں نے انٹرنس لکھا اور 60651 کامیاب رہے۔ ایم اسٹریم ٹسٹ 2 اور 3 مئی کو منعقد ہوا تھا جبکہ انجنیئرنگ ٹسٹ 4 ، 5 اور 7 مئی کو مرحلہ وار طور پر منعقد ہوا تھا ۔ جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی کو ایمسٹ کے انعقاد کی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ عثمانیہ یونیورسٹی کو ایجوکیشن کامن انٹرنس ٹسٹ ، پوسٹ گریجویٹ ، انجنیئرنگ کامن انٹرنس ٹسٹ اور لاء کامن انٹرنس ٹسٹ کے انعقاد کی ذمہ داری دی جائے گی۔