ہال ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت، کورونا کے پیش نظر احتیاطی اقدامات
حیدرآباد : کنوینر ایمسٹ ڈاکٹر اے گوردھن کے مطابق تلنگانہ ایمسٹ برائے انجینئرنگ 9 ، 10 ، 11 اور 14 ستمبر کو آن لائین طریقہ کار کے تحت منعقد ہوگا۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن کی نگرانی میں جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد ایمسٹ کا اہتمام کرے گی۔ کووڈ۔19 گائیڈ لائینس کے مطابق امیدواروں کیلئے بہتر سہولتوں کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ایمسٹ 102 مراکز پر منعقد ہوگا جس میں 79 مراکز تلنگانہ اور 23 آندھراپردیش میں ہیں۔ ایمسٹ کی ویب سائیٹ پر امیدواروں کیلئے کمپیوٹر پر مبنی ٹسٹ کی پریکٹس کے لئے علامتی ٹسٹ کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ انجینئرنگ میں ایک لاکھ 43 ہزار 165 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ہال ٹکٹ 3 ستمبر تا 7 ستمبر ویب سائیٹ
httts://emcet.tsche.ac.in
سے ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ امتحانی مراکز کے چیف سپرنٹنڈنٹ اور آبزرور کے لئے آن لائین اورینٹیشن پروگرام رکھا گیا ہے ۔ طلبہ کو مشورہ دیا گیا کہ وہ باقاعدگی سے ویب سائیٹ کا مشاہدہ کرتے رہیں۔ امیدوار اپنے مقررہ مراکز پر وقت سے پہلے پہنچ جائیں۔ ماسک کا استعمال کریں اور وقفہ وقفہ سے ہاتھوں کو سینیٹائز کریں۔ امتحانی مراکز میں سماجی فاصلہ کی برقراری کا مشورہ دیا گیا۔