ایمسٹ کیلئے تاحال 74ہزار سے زائد درخواستوں کا ادخال

   

چالان کے بغیر 18 مئی تک درخواستوں کے ادخال کی سہولت، جولائی میں امتحانات کا انعقاد

حیدرآباد: تلنگانہ ایمسٹ 2021 ء کے لئے ابھی تک 74,000 سے زائد امیدواروں نے آن لائین درخواستیں داخل کی ہیں۔ انجنیئرنگ میں 48,000 سے زائد جبکہ اگریکلچر اور میڈیسن کے زمرہ میں 26,000 سے زائد امیدواروں نے درخواستیں داخل کیں۔ جے این ٹی یو کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 18 مئی تک ایمسٹ کے لئے درخواستیں ویب سائیٹ پر داخل کی جاسکتی ہیں ۔ 19 تا 27 مئی امیدوار اپنی درخواستوں میں تبدیلی اور ترمیمات کرسکتے ہیں ۔ 250 روپئے فیس کے ساتھ 28 مئی جبکہ 500 روپئے فیس کے ساتھ 7 جون تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں ۔ 2500 کی لیٹ فیس کے ذریعہ 17 جون اور 5000 روپئے فیس ادا کرتے ہوئے 28 جون تک درخواستیں داخل کرنے کی گنجائش رہے گی۔ ایمسٹ کی فیس 800 روپئے مقرر کی گئی ہے جبکہ ایس سی ، ایس ٹی اور معذورین کے لئے 400 روپئے فیس وصول کی جائے گی ۔ اگر امیدوار انجنیئرنگ اور میڈیسن دونوں میں شرکت کا خواہاں ہوں تو اسے 1600 روپئے ادا کرنے ہوں گے جبکہ ایس سی ، ایس ٹی اور معذورین کے لئے 800 روپئے مقرر کئے گئے ۔ 17 جون تا یکم جولائی امیدوار ویب سائیٹ سے ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ اگریکلچر اور میڈیسن کے لئے انٹرنس ٹسٹ 5 اور 6 جولائی کو مقرر ہے جبکہ انجنیئرنگ کیلئے 7 ، 8 اور 9 جولائی کو ٹسٹ رہے گا۔ صبح 9 تا 12 بجے اور سہ پہر 3 تا شام 6 بجے دو سیشن میں امتحان ہوں گے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی ایمسیٹ 160سوالات پر مشتمل ہوگا ۔ اس مرتبہ انٹرمیڈیٹ سال اول سے 55فیصد اور سال دوم سے 45فیصد ویٹیج دیا جائے گا ۔ گذشتہ سال انٹرمیڈیٹ سال اول اور سال دوم دونوں کیلئے یکساں 50فیصد ویٹیج دیا گیا تھا ۔