حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ایمسیٹ انجینئرنگ کے نتائج 25 اگسٹ کو جاری کئے جائیں گے۔ ایمسیٹ انجینئرنگ امتحان جاریہ ماہ 4، 5 اور 6 تاریخوں کو منعقد ہوا تھا۔ اگریکلچر، فارما، ایمسیٹ کے نتائج عنقریب جاری کئے جائیں گے۔ ایمسیٹ انجینئرنگ کے نتائج کی 25 اگسٹ کو اجرائی کے فیصلہ کے ساتھ ساتھ ایمسیٹ انجینئرنگ کونسلنگ کے شیڈول کو قطعیت دے دی گئی۔ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن پاپی ریڈی کی صدارت میں کمشنر ٹیکنیکل ایجوکیشن نوین متل اور کمیٹی کے ارکان کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شیڈول کو قطعیت دی گئی۔ انجینئرنگ میں داخلوں کیلئے پہلے مرحلہ کی کونسلنگ کا عمل 30 اگسٹ کو شروع ہوگا۔ 30 اگسٹ تا 9 ستمبر آن لائن پراسسنگ فیس کی ادائیگی اور سرٹیفکیٹ ویریفکیشن کیلئے سلاٹ بک کیا جاسکتا ہے۔ 4 ستمبر تا 11 ستمبر ایسے امیدواروں کے سرٹیفکیٹس کی جانچ کی جائے گی جنہوں نے سلاٹ بک کرایا ہو۔ 4 تا 13 ستمبر ویب آپشن کی گنجائش رہے گی۔ عبوری سیٹ الاٹمنٹ 15 ستمبر کو کیا جائے گا اور طلبہ جنہیں سیٹ الاٹمنٹ کے احکامات وصول ہوئے انہیں 15 تا 20 ستمبر ٹیوشن فیس اور سیلف رپورٹ آن لائن ادا کرنی ہوگی۔ تلنگانہ ایمسیٹ 2020-21 ایڈمیشن کے کنوینر نوین متل نے بتایا کہ کونسلنگ کے آخری مرحلہ کے شیڈول کا بعد میں اعلان کیا جائیگا۔ تفصیلات 28 اگسٹ سے ویب سائیٹ https://tseamcet.nic.in سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔