این آر سی و این پی آر پر کے سی آر کے بیان کا خیرمقدم

   

دارالشفاء گراؤنڈ پر کل سے دو روزہ خواتین کا دھرنا، محمد مشتاق ملک
حیدرآباد ۔25 جنوری (پریس نوٹ) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ کے این سی آر و این پی آر پر بیان اور اسمبلی میں بل کی پیشکشی کے بیان کا جناب محمد مشتاق ملک کنوینر تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی و صدر مسلم شبان نے خیرمقدم کیا اور کہا کہ ریاست کے وقار کو بلند کرنے والا بیان قرار دیا۔ جناب محمد مشتاق ملک نے کہا کہ دیر آئے درست آئے کے مصداق یہ فیصلہ تلنگانہ کے مقام اور وقار کے ساتھ ریاست کے سیکولر ہونے پر ایک اہم مہر ثابت ہوگا۔ چیف منسٹر کے اس بیان کے درست نتائج کی امید ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے دستور اور سیکولرازم کی یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ یقینی طور پر اس جدوجہد میں ٹی آر ایس کا بھرپور تعاون جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو حاصل ہوگا۔ صدر تحریک نے کہا کہ این آرسی۔ این پی آر ہندو اور مسلمان کا مسئلہ نیہں ہے بلکہ یہ مسئلہ ملک کی روح کی حفاظت کا ہے۔ مسلمان، دلت، آدی واسی اور دیگر غریب اس قانون سے بیحد متاثر ہورہے ہیں۔ چیف مسٹر ملک گیر، ریاست گیر پیمانہ پر تمام طبقات کے حقوق کی لڑائی لڑیں۔ اس کا جوائنٹ ایکشن کمیٹی خیرمقدم کرے گی۔ جناب محمد مشتاق ملک نے کہا کہ جدوجہد مستقل جاری رہے گی تاکہ مرکزی حکومت اس قانون کو واپس لے۔ تمام طبقات سے کنوینر جے اے سی نے اپیل کی کہ وہ اپنی جدوجہد کو کمزور نہ کریں۔ قانون کی واپسی تک میدان میں ڈٹے رہیں۔ 27 اور 28 جنوری کو دارالشفاء پلے گراؤنڈ پر خواتین 48 گھنٹے کا دھرنا منعقد ہوگا۔ اس کی تیاریاں جاری ہیں۔ امید کہ پولیس رکاوٹیں پیدا نہیں کرے گی۔