نئی دہلی/6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے وزیر داخلہ امت شاہ کے این آرسی سے متعلق دیئے گئے بیان کو دستورہند میں دیئے گئے مساوات کے بنیادی حق کے منافی قراردیتے ہوئے کہا کہ ملک کے ذمہ داروزیرداخلہ کی طرف سے اس طرح کا بیان نا مناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی شناخت کی بنیاد پرکسی بھی طرح کی تفریق دستورہند کی دفعہ 14-15کے منافی اورمسلمہ بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ وزیر داخلہ کے بیان سے یہ صاف ظاہرہوتا ہیکہ آسام کے ڈیٹنشن کیمپوں میں صرف مسلمان بند کئے جائیں گے۔ اگر ایسا ہوا تو اس سے عالمی سطح پرہندوستان کی زبردست بدنامی ہوگی اورملک کے دشمنوں کو ہندوستان کورسوا کرنے کا مضبوط حربہ مل جائے گا۔