حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) تلگو دیشم کے بانی اور سابق چیف منسٹر این ٹی راما راؤ کی جینتی صدی تقاریب کے موقع پر آج این ٹی آر کے فرزند این بالا کرشنا نے حیدرآباد میں این ٹی آر بھون پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا۔ صبح تقریباً 4 بجے بالا کرشنا این ٹی آر گھاٹ پہنچے۔ ان کے ہمراہ مداحوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ این ٹی آر کی آج جینتی ہے اور ان کے افراد خاندان نے بھی این ٹی آر گھاٹ پہنچ کر خراج پیش کیا۔ بالا کرشنا نے کہا کہ این ٹی آر نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت رکھتے تھے اور دنیا کے کئی ممالک میں جینتی صدی تقاریب منائی جارہی ہیں۔ این ٹی آر صرف فلموں میں ہی نہیں بلکہ سیاست میں بھی سب سے آگے تھے۔ این ٹی آر نے ملک میں فلاحی اسکیمات کے آغاز کا رواج شروع کیا۔ 2 روپئے کیلو چاول اسکیم کے علاوہ وراثت میں خواتین کو مناسب حصہ داری جیسے کارنامے انجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سیاست میں این ٹی راما راؤ کے رول کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ر