حیدرآباد 20جولائی(یواین آئی) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دعوی کیا ہے کہ ملک میں متحدہ آندھراپردیش کے آنجہانی چیف منسٹر این ٹی راما راو کی متعارف کردہ اتحادی سیاست کی وجہ سے موجودہ دور میں کئی افراد کو سیاست میں موقع ملا ہے ۔ انہوں نے ہائی ٹیک سٹی میں کماکمیونٹی گلوبل سمٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ آنجہانی این ٹی راما راو نے قیادت کا برانڈ بنایاتھا اور کئی افراد کو سیاسی طورپربڑھنے میں مدد کی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ کماطبقہ نے زرخیززمین میں ہرجگہ اپنی موجودگی کو ثابت کیا ۔کماطبقہ کا بنیادی کردارسخت محنت اوردوسروں کی مدد کرنا ہے ۔انہوں نے تمام شراکت داروں سے اپیل کی کہ وہ حیدرآباد کو کاسموپولیٹن اورعالمی شہر کے طورپر ترقی دینے کیلئے شراکت داربنیں۔